سٹی 42: پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور ملک بھر میں اب تک وائرس سے 3 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد متاثر جب کہ اموات 6 ہزار 800 سے تجاوز کر چکی ہیں۔
کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کووڈ 19 کا اجلاس آج طلب کرلیا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں،اجلاس میں ملک میں کورونا کیسز کا جائزہ لیا جائے گا، تعلیمی اداروں کی بندش، ایس او پیز پر عمل درآمد سمیت اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہےکہ کورونا کو لے کر ابھی ہم اُس مرحلے پر ہیں جہاں بروقت فیصلے نہ کیے گئے تو صورت حال خطرناک حد تک پہنچ سکتی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد میں زیادہ سختی کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کے بڑھتے کیسز کی روک تھام کے لیے اضافی اقدامات پر غور کیا ہے، کورونا کے بڑھتے کیسز کی روک تھام کے لیے اضافی اقدامات کے حوالے سے تجاویز آج این سی او سی کی میٹنگ میں رکھی جائیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے معاشی سرگرمی متاثر کیے بغیر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
NCOC discussed additional measures today to control the rising spread of Covid19. Recommendations will be tabled in the NCC being called for tomorrow. Need to take immediate measures which have the most impact on disease spread without curtailing economic activity
— Asad Umar (@Asad_Umar) November 2, 2020
یاد رہے عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید14 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6ہزار849ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں میں کورونا کے ایک ہزار 167نئے کیسزرپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد3لاکھ 36 ہزار260 ہے۔ پاکستان میں کورونا کے3 لاکھ 15ہزار446 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں اور13 ہزار965 زیرعلاج ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں27ہزار 984 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔