( شہباز علی ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرترین کہتے ہیں کہ وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عمران خان نے اقوام متحدہ میں پوری امت مسلمہ کا مقدمہ پیش کیا ہے، مولانا فضل الرحمن کو معاہدے کی پاسداری کرنا چاہئیے۔
لاہور پولو کلب میں ہونے والے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جہانگیر ترین نے کہا کہ وزیر اعظم کے استعفی کے متعلق ہم کچھ سننے کو تیار نہیں۔ وزیر اعظم کے استعفی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ مسلم لیگ خود فوج کی پیداوار ہے وہ ہم پر تنقید کیسے کرسکتے ہیں۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں چاہے فوج کی نگرانی میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں امت مسلمہ کا مقدم بہترین انداز میں پیش کیا اس لئے مولانا کے مذہبی کارڈ کھیلنے کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔
جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ چھ ماہ میں معیشت کو ٹھیک کرنے کے دعوے کرنے والوں نے معیشت کو یہاں تک پہنچایا ہے۔ ان ہاؤس تبدیلی کی باتیں محض ایک مذاق سے زیادہ کچھ بھی نہیں ہے۔