(شہباز علی) ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کی مشکلات مزید بڑھ گئیں، پی سی بی نے پابندی کے باوجود کلب میچز کھیلنے کی پاداش میں بلے باز پر چھ ہفتے کی مزید پابندی عائد کردی۔
ڈوپنگ کیس میں معطلی کے دوران قومی اوپنر احمد شہزاد کو بغیر اجازت کے کلب میچوں میں حصہ لینا مہنگا پڑ گیا۔ پی سی بی نے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر بلے باز پر چھ ہفتے کی مزید پابندی عائد کردی۔ احمد شہزاد نے پی سی بی شوکاز نوٹس کے جواب میں کلب میچز کھیلنے کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے بورڈ حکام کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ ایسی غلطی نہیں کریں گے۔ تاہم پی سی بی نے اوپنر کی وضاحت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ان کی سزا میں 6 ہفتوں کا اضافہ کردیا۔
واضح رہے کہ احمد شہزاد پر ڈوپنگ کیس میں پہلے ہی 11 نومبر تک پابندی عائد تھی، پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد ان کی پابندی میں مزید چھ ہفتے کا اضافہ ہو گیا۔