ویب ڈیسک: امریکہ کے کوہ پیما جوناتھن شوگر مین ماونٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے کی مہم کے دوران بیمار ہو کر فوت ہو گئے۔ ماونٹ ایورسٹ کے کیمپ نمبر دو سے جوناتھن شوگر مین کے ساتھ جانے والے شرپا پاسانگ نے ان ک وفات کی اطلاع میڈیا تک پہنچائی۔ سی این این کے مطابق سیاٹل کے رہنے والے جوناتھن شوگر مین وشنگٹن میں قائم کوہ پیماوں کے گروپ کے زیر اہتمام ماونٹ ایورسٹ سر کرنے کے لئے جانے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ کٹھمنڈو میں امریکی سفارتخانہ متوفی کوہ پیما کی میت جلد واپس بھجوانے کے انتظامات کر رہا ہے۔
مئی کے مہینہ کو ماونٹ ایورسٹ پر جانے کے لئے بہتر وقت تصور کیا جاتا ہے کیونکہ مئی کے وسط تک موسم میں گرمی کافی بڑھ جاتی ہے اور ماونٹ ایورسٹ کے علاقہ میں چلنے والی یخ بستہ ہوائیں تقریبا؍؍ رکی ہوئی ہوتی ہیں۔
ڈاکٹر جوناتھن شوگرمین کی عمر وفات کے وقت عمر69 سال تھی۔ وہ ماونٹ ایورسٹ پر سال 2023 کے دوران مرنے والے چوتھے کوہ پیما ہیں۔ ڈاکٹر شوگرمین کو ماونٹ ایورسٹ کی مہم پر لے جانے والے گروپ انٹرنیشنل ماونٹین گائیڈز کے سربراہ ایرک سائمنز نے اس واقعہ کے بعد اپنے بیان میں وضاحت کی کہ ٹیم کے رکن کی وفات ماونٹ ایورسٹ مہم کے دوران کسی حادثہ اور خراب موسم کے سبب نہیں ہوئی۔ ریٹائرڈ میڈیکل پرفیشنل ڈاکٹر شوگر مین گزشتہ سال بھی ماونٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش کر چکے تھے اور 24 ہزار فٹ بلندی پر کیمپ نمب3 تک پہنچ کر خراب موسم کے سبب واپس آئے تھے۔ اس ٹرپ کے دوران انہوں نے 20 ہزار فٹ بلند دو چوٹیاں لبوچ اور آئی لینڈ پیک بھی سر کی تھیں۔