نماز عید کی ادائیگی پر مقدمہ درج

نماز عید کی ادائیگی پر مقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) ضلع منڈی بہاؤ الدین میں پولیس نے ایک مسجد کے پیش امام سمیت 14 شہریوں کے خلاف سوموار (گذشتہ روز) کے روز عید الفطر منانے اور حکومتی احکامات کے برعکس ایک روز پہلے ہی عید کی نماز ادا کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔

یہ مقدمہ ضلع منڈی بہاؤ الدین کے تھانہ میانہ گوندل میں پولیس سب انسپکٹر شاہد محمود کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ 2 مئی (سوموار) کی صبح ساڑھے سات بجے چک نمبر 28 کے امام مسجد نے اعلان کیا کہ عیدالفطر کی نماز ساڑھے آٹھ بجے ادا کی جائے گی اور اس کے بعد امام مسجد نے مقررہ وقت پر 14 افراد کے ساتھ نماز عید ادا کی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں دو مئی کو 30واں روزہ ہو گا جبکہ عیدالفطر تین مئی کو ہو گی۔

ایف آئی آر کے مطابق امام مسجد اور چودہ افراد نے حکومتی اعلان کی خلاف ورزی کر کے زیر دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کا جرم کیا ہے جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔

تھانے کے اے ایس آئی اور مقدمے کے مدعی شاہد محمود نے بتایا کہ پولیس نے عیدالفطر ایک روز قبل منانے والے کسی ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا تاہم ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

امام مسجد کا مؤقف تھا کہ ان کے روحانی پیر و مرشد کا تعلق صوبہ خیبرپختونخوا سے ہے، جن کے ساتھ ان کی ٹیلیفون پر بات ہو چکی ہے اور پیرو مرشد نے ہدایت کی ہے کہ چونکہ چاند نظر آ چکا ہے اس لیے ان کے سارے مریدین سوموار کے روز عید منائیں جس پر امام مسجد نے سات معتکف افراد کو بھی اعتکاف سے اٹھا دیا، سات دیگر وہ شہری تھے جو امام مسجد سے گہری عقیدت رکھتے تھے اور انھوں نے بھی  معتکف حضرات سے مل کر امام مسجد کی اقتدا میں نماز عید پڑھی ,ان چودہ افراد نے ہی عید کی نماز ادا کی جبکہ گاؤں کے دیگر افراد نے نہ تو عید منائی اور نہ ہی ایک روز قبل نماز عید ادا کی۔