( زین مدنی ) رمضان شو میں بھارتی ستاروں عرفان خان اور سری دیوی کی موت کا مذاق اڑانے پر شدید تنقید کا سامنا کرنے والے عامر لیاقت حسین نے عوام سے معافی مانگ لی۔
گزشتہ روز عامر لیاقت نے اپنے شو میں اداکارعدنان صدیقی کو مدعو کیا تھا، پروگرام کا ایک ویڈیوکلپ وائرل ہورہا ہے جس میں عامر لیاقت نے نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہوئے عرفان خان اور سری دیوی کی موت کی وجہ عدنان صدیقی کے ساتھ کام کرنے سے جوڑدی۔
ویڈیو کلپ وائرل ہونے پر سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو بیان میں معافی مانگ لی۔
عامر لیاقت نے کہا کہ کل کے شو میں کچھ ایسی باتیں ہوگئی تھیں کیونکہ لائیوشو میں آپ الفاظ پر قابو نہیں رکھ پاتے اور وہ زبان سے نکل جاتے ہیں، یہ کوئی ایسی بڑی بات نہیں تھی جس پر فوری غور کرتا لیکن بعد میں اپنے الفاظ پر غور کیا تو میں نے سوچا یہ بات نہیں ہونی چاہیے تھی، انسانیت کو سامنے رکھتے ہوئے ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔ مجھ سے غلطی ہوئی جس پر افسوس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پڑوسی ملک کے فنکار ہمارے لیے قابل احترام ہیں، اس کے بعد والے کلپ میں ان کی پیار ومحبت کا ذکر بھی کیا جو کہ نہیں دکھایا گیا۔ میں بہت معذرت چاہتا ہوں اور ایک بات یاد رکھیے گا معافی مانگنے والا ہمیشہ بڑا ہوتا ہے۔ کسی کو اپنی بات کا احساس ہوجائے تو دوسرے کو بھی چاہیے کہ اسے موقع دے۔ یہ میرا وطن اور میرے لوگ ہیں جنہیں اگر کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو میں معذرت چاہتا ہوں، امید ہے آپ اسے قبول کریں گے۔
I am sorry
— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) May 2, 2020
Amir Liaquat pic.twitter.com/EdyscYv2TZ
دوسری جانب عدنان صدیقی نے بھی ویڈیو کلپ وائرل ہونے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سری دیوی اورعرفان خان کے اہل خانہ اور پرستاروں سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ اینکرعامر لیاقت صاحب نے ایک بہت حساس معاملے کا مذاق بنایا۔ مرے ہوئے افراد کا متعلق مذاق اڑانا انتہائی بے رحمانہ اقدام ہے، اس سے صرف مجھے اور عامرلیاقت کو نہیں بلکہ پوری قوم کے حوالے سے غلط تاثر جائے گا۔
عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ اگر آپ نے دیکھا ہوتو میں اس وقت انتہائی بےچین تھا جب عامر لیاقت نے ایسا کہا لیکن میں اس حد تک گرنا نہیں چاہتا تھا۔ مجھے افسوس ہے کہ میں اس شومیں شریک ہوا۔ میں نے سبق سیکھ لیا ہے اور وعدہ کرتا ہوں کہ مستقبل میں ایسا کوئی اقدام برداشت نہیں کروں گا۔