( شہزاد خان ) تاجر برادری نے کل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کردیا۔ صدر آل پاکستان موبائل فون ایسوسی ایشن بابر محمود کا کہنا ہے کہ امپورٹ پالیسی، ڈیوٹیز کے تعین کا ایس آر جاری کیا جائے، چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر نے بھی موبائل فون کے تاجروں کی حمایت کا اعلان کردیا۔
تاجروں کیلئے کاروبار کرنا انتہائی دشوار ہوگیا، تاجروں نے تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق ہفتے کے روز ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کردیا۔ صدر آل پاکستان موبائل فون ایسوسی ایشن بابر محمود کا کہنا ہے کہ امپورٹ پالیسی اور ڈیوٹیز کے تعین کے ایس آر کا اجرا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسز کی شرح کم اور تصدیقی نظام پر تاجروں کے تحفظات دور کیے جائیں موبائل فونز کی بندش نہ کیجائے۔
بابر محمود نے کہا کہ ملک بھر سے موبائل فونز کی بندش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر بھی تاجروں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہال روڈ پہنچے، میاں نعمان کبیر نے کہا کہ وفاقی حکومت تاجروں کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرے رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں تاجروں کو روزگار سے محروم نہ کیا جائے۔
موبائل فون سے منسلک تاجروں کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے ان کے جائِز مطالبات تسلیم نہ کیے تو لاکھوں تاجران کا ذریعہ معاش ختم ہوجائے گا اور ان کے گھروں کے چولہے بند ہوجاِیئں گے اس لئے وزیراعظم عمران خان تاجروں کو فاقوں مرنے سے بچائیں۔