(ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ٹیکسلا سرکل کے تین تھانوں میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج تین مقدمات میں نامزد کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اینٹی کرپشن سمیت دیگر مقدمات میں اڈیالہ جیل میں ہیں۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے حکام کو مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی ٹیکسلا سرکل راولپنڈی کے تین تھانوں تھانہ ٹیکسلا میں دہشت گردی ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت 9مئی 2023 کے مقدمہ نمبر 940، اسی طرح دہشت گردی ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت ہی تھانہ ٹیکسلا میں درج 11 مئی 2023 کو درج مقدمہ نمبر 948 اور تھانہ صدر واہ میں دہشت گردی ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت 10 مئی 2023 کو درج مقدمہ نمبر 744 میں نامزد ہیں اور پولیس کو مطلوب ہیں۔
ایک اور الگ رپورٹ میں سابق صوبائی وزیر قانون و بلدیات بشارت راجہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بشارت جو کہ تھانہ آرے بازار راولپنڈی میں دہشت گردی و دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے میں نامزد ملزم ہیں وہ تھانہ کینٹ میں دہشت گردی و دیگر دفعات کے تحت درج مقدمہ نمںر836/23 میں بھی نامزد ملزم ہیں اور پولیس کو مطلوب ہیں جن کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے گئے ہینںاور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی تو کہیں ماہ سے مسلسل جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں لیکن سابق وزیر قانون بشارت راجہ جن کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ آرے بازار کے ہائی پروفائل کیس کے بعد تھانہ کینٹ کے ہائی پروفائل کیس میں بھی نامزد مطلوب ملزم ہیں وہ دھڑلے سے سیاسی مصروفیات جاری رکھے ہوئے ہیں اور گزشتہ روز بھی انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کے دوران سوشل میڈیا پر کافی متحرک دکھائی دیے۔