(شاہین عتیق) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں زینب قتل کیس کے مجرم عمران کے خلاف جنسی تشدد کر کے ایک بچی کو ہلاک اور دوسری کو زخمی کرنے کے دو الگ الگ چالان پیش کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سجاد احمد کے روبرو قصور میں 7 سالہ کائنات بتول اور چھ سالہ نور فاطمہ کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے مجرم عمران کے خلاف دو الگ الگ چالان پراسیکیوٹرعبدالرئوف وٹو اور حافظ اصغرعلی نے پیش کیے، ملزم پرالزام ہے کہ اس نے قصور میں کائنات بتول کو اغوا کرکے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا، بچی ابھی تک چلڈرن ہسپتال میں کومے میں ہے، مقدمہ کائنات کے والد احسان الہی کی رپورٹ پر درج کیا گیا، دوسرا مقدمہ چھ سالہ نور فاطمہ کا ہے، جس کو عمران نے تشدد کر کے ہلاک کر دیا، مقدمہ والد مصطفیٰ کی رپورٹ پر درج کیا گیا، دونوں چالانوں پر فاضل جج ملزم کی طلبی کے احکامات جاری کریں گے، ان کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں ہو گی۔