عمران خان نے کال دے دی

عمران خان نے کال دے دی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آج بعد نماز جمعہ پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عوام امپورٹڈ حکومت کی انسان کش پالیسیوں اور ہوش ربا مہنگائی کے خلاف بعد نماز جمعہ باہر نکلیں اور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

انہوں نے لکھا کہ ہماری حکومت نے کورونا کے دباؤ کا مقابلہ کیا اور 1200 بلین روپے کا معاشی پیکیج دیا اور اس سال صرف ہم نے سیلز ٹیکس کو صفر فیصد تک کم کیا اور اس کے علاوہ اپنے عوام کے تحفظ کے لیے 466 بلین روپے کی توانائی کی سبسڈی فراہم کی اور ہمارے لیے ترجیح ہمیشہ ہمارے لوگ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ کر کے ایک لیٹر پر 60 روپے بڑھا دیے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 30/30 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول کی قیمت 200 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔

حکومتی اعلان کے تحت گزشتہ رات 12 بجے کے بعد سے پیٹرول کی نئی قیمت 209.30 پیسے فی لیٹر ہو گئی جب کہ ڈیزل 30 روپے اضافے سے 204 فی لیٹر میں مل رہا ہے۔ 

حکومتی فیصلے کے تحت لائٹ ڈیزل 178 روپے کا ہو گیا جبکہ کیروسین کی قیمت بڑھ کر 181.94 پیسے ہو جائے گی۔