(زاہد چوہدری) کورونا کیسز کی شرح میں کمی ضرور ہوئی ہے جس سے شہر کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد بھی کم ہونے لگی لیکن موذی وائرس نے اب بھی مکمل طور پر پیچھا نہیں چھوڑا۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں 24 گھنٹوں میں کورونا سے 15 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 138نئے مریض رپورٹ ہوئے۔رپورٹ کے مطابق ہسپتالوں میں کوروناکے436 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے108 مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔
ملکی مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو کورونا وائرس سے چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مزید92 افراد انتقال کر گئے جبکہ کورونا کے 2 ہزار28 نئےکیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ93 فیصد رہی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 21 ہزار22 جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ26 ہزار695ہے۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 53 ہزار99ہے اور 8 لاکھ 52ہزار574افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 10 ہزار132افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ صوبہ سندھ میں 5 ہزار73، صوبہ خیبرپختونخوا 4 ہزار113، اسلام آباد 763، گلگت بلتستان 107، صوبہ بلوچستان میں 285اور آزاد کشمیر میں 549 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔