قذافی بٹ : پنجاب اسمبلی کےبجٹ اجلاس کی تیاریاں،سپیکر پنجاب اسمبلی چو دھری پرویز الٰہی نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس طلب کرلیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے 5 جون سےطلب کیے جانے والے اجلاس کےحوالے سے لائحہ عمل پرمشاورت کی جائےگی،اجلاس میں مسلم لیگ ن اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کےخلاف نیب اقدامات کا معاملہ بھی اٹھائےگی،اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سردار دوست مزاری،وزیر قانون راجہ بشارت شریک ہوں گے، مسلم لیگ ن کےملک ندیم کامران،سمیع اللہ خان ،خلیل طاہرسندھو،پیپلزپارٹی کے سید حسن مرتضی اورمحمد معاویہ بھی بزنس ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نےکہا ہے کہ کورونا کب تک رہے گا کچھ کہہ نہیں سکتے،لیکن احتیاط کا دامن تھام کر کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کورونا نے پوری دنیا میں سیاسی،سماجی اورمعاشی تبدیلیاں برپا کی ہیں،،کورونا سے بچنے کیلئے ماسک،سینی ٹائزراورسماجی فاصلہ ضروری ہے،دکاندار”نوماسک،نوسروس“کی پالیسی پر عمل کریں تو کوروناکا پھیلائو کم ہوگا۔
وزیر اعلیٰ سردارعثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انسداد کورونا مہم کی کامیابی کے لیے حکومتی کاوشوں کے ساتھ عوام کا تعاون بےحد ضروری ہے،احتیاطی تدابیر سےشہری خود اور اپنے پیاروں کی زندگیاں محفوظ بنا سکتے ہیں۔
یاد رہے صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کے حملوں میں شدت آگئی، 24 گھنٹے کے دوران لاہور میں 812 نئے مریض، 7 اموات کی تصدیق ہوگئی، کورونا میں مبتلا ڈی ایس پی سی آئی اے عامر ڈوگر انتقال کر گئے، عامر ڈوگر چند روز سے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔لاہور پولیس کے پہلے ہی تین اہلکار شمس، رمضان عالم اور راؤ جاوید کورونا وائرس کے باعث شہید ہو چکے ہیں، اس سے قبل عامر ڈوگر کی والدہ بھی کورونا وائرس کے باعث چند روز قبل انتقال کر گئی تھیں، ڈی ای او ایلیمنٹری میل ڈاکٹر افضال حسین بھی کورونا کے باعث دم توڑ گئے، چند روز قبل ان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آئی تھی۔