(علی رامے) پنجاب کے سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری،کابینہ نے بے گھر ملازمین کی رہائش کے مسائل کے حل کے لئے نئے جی او آر تعمیرکرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 19واں اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں عیدالاضحی پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات پر صوبائی وزراء، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سالڈ ویسٹ کمپنیوں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ نے صفائی کے شاندار انتظامات پر متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
اجلاس میں کابینہ نے بے گھر ملازمین کی رہائش کے مسائل کے حل کے لئے نئے جی او آر تعمیرکرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے رہائشی کالونی کی تعمیر کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت دی۔
اجلاس میں لاہور رنگ روڈ کے ایس ایل تھری پراجیکٹ اورنیازی چوک سے بابو صابو تک ایلی ویٹڈ پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کابینہ نے داتا دربار کے توسیعی منصوبے کی منظوری دے دی۔ توسیعی منصوبے کے تحت عالمی معیار کے مطابق لنگر خانہ تعمیر کیاجائے گا، اس کے علاوہ زائرین کے لئے سہولتوں میں اضافہ کیاجائے گا۔ محسن نقوی نے توسیعی منصوبے کیلئے ایکوائرکی جانے والی اراضی کے مالکان کو مارکیٹ ریٹ پر ادائیگیوں کی ہدایت دی۔
اجلاس میں کابینہ نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان ”آپ کی بلدیہ، ہیلپ لائن 1198“ کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی۔پبلک پراسیکیوٹرز کی ٹریننگ کے لئے سنٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ آف پبلک پراسیکیوٹرز کے لئے پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس 2011 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ ضلع بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں جاں بحق بچوں کے لواحقین او رمتاثرہ بچوں کیلئے مالی امداد کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس کو مالی خود مختار ی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے مطابق ایم ایس 10ملین روپے تک کے اخراجات خود کر سکیں گے۔ پنجاب کابینہ نے فنانشنل پاورز کو ایم ایس تک تفویض کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی ۔
اجلاس میں ملتان میں نشتر انسٹی ٹیوٹ آف آپتھالمولوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز کے قیام کی منظوری دی گئی۔ سرکاری کالجز میں پرنسپلز کی تعیناتی کیلئے نظرثانی شدہ طریقہ کار کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس برائے مالی سال 2022-23 کی آڈٹ رپورٹ کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ موٹر وہیکل رجسٹریشن دستاویزات، فائلز کی سکینگ کے حوالے سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں معاہدے کے مسودے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اوکاڑہ آرٹس کونسل کا انتظام لاہور آرٹس کونسل سے واپس لے کر پنجاب آرٹس کونسل کے سپرد کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
واضح رہے کہ صوبائی وزراء،مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔