ویب ڈیسک: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے زرمبادلہ کے ضوابط میں ترمیم کرکے الیکٹرانک فارم ای (ای ایف ای) کی شرط کو ختم کردیا۔
رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک نے بتایا کہ پاکستان نےسنگل ونڈو اور بین الاقوامی پلیٹ فارم کے ذریعے ملک سے سامان کی برآمد کے لیے زرمبادلہ کے ضوابط میں ترمیم پر مطلع کیا ہے۔ پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے برآمدی لین دین میں سہولت کے لیے ضوابط میں ترمیم متعارف کرا رہا ہے تاکہ پاکستانی برآمدکنندگان اور کاروباری افراد بزنس ٹو بزنس ٹو کنزیومر (بی ٹو بی ٹو سی) کے کامرس ماڈل پر ایمیزون، ای بے اور علی بابا سمیت بین الاقوامی ڈیجیٹل بازاروں تک اپنی مصنوعات فرخت کرسکیں۔
اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اس سے پاکستانی کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع میسر ہوجائیں گے اور معاشی سرگرمی کو فروغ ملے گا۔ پی ایس ڈبلیو سسٹم ایک ایسی سہولت ہے جو ٹریڈ اینڈ ٹرانسپورٹ میں شامل افراد کو ایک ہی انٹری کے ساتھ معیاری معلومات اور دستاویزات داخل کرنے کی اجازت دیتا ہے تاکہ تمام درآمد، برآمد، اور ٹرانزٹ سے متعلقہ ریگولیٹری ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔