(قیصر کھوکھر) پنجاب معدنی ترقیاتی کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازمین کے میڈیکل الاؤنس میں 20 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ، سکیل 1 سے 15 تک کے حاضر سروس ملازمین کو بھی ریلف الاؤنس ملے گا۔
حاضرسروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ لینے کیلئے پنجاب معدنی ترقیاتی کارپوریشن بورڈ کا 87 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں حافظ عمار یاسر، ایم ڈی میاں شہزاد رفیع، سیکرٹری سمیت دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ادارے کے مالی بجٹ 2021-22 کی منظوری دی گئی، پنجاب معدنی ترقیاتی کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازمین کے میڈیکل الاٶنس میں بیس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ مائن ورکرز کے سکیل 1 سے 15 کےلیے ریلف الاٶنس کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ایم ڈی نے کہا کہ پنجاب معدنی ترقیاتی کارپوریشن پنجاب کی واحد کارپوریشن ہے جو اپنے اخراجات خود پورے کرتی ہے، مالی سال 2020-21 میں نمک کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔
دوسری جانب سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر معدنیات وزیر حافظ عمار یاسر نے ملاقات کی اور اپنے محکمے کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کوئلے کی 25 نئی سائٹس دریافت کی گئی ہیں جبکہ مزید نئی سائٹس کی جلد نیلامی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے بتایا کہ پہلی بار محکمہ معدنیات نے خزانے میں آمدنی سے دس ارب روپے جمع کروائے ہیں، سیمنٹ کے کارخانوں پر پابندی کا خاتمہ کیا، 21 نئے لائسنس برائے لائم سٹون پرائیویٹ کمپنیوں کو دیئے گئے جبکہ کوئلے کی نئی لیز پر بھی پابندی ختم کر دی ہے۔