پیمرا کا آزادی صحافت پر بڑا وار، 24 نیوز کا لائسنس معطل

پیمرا کا آزادی صحافت پر بڑا وار، 24 نیوز کا لائسنس معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سٹی 42 ) ٹوئنٹی فور نیوز کا لائسنس معطل، پیمرا نے ٹوئنٹی فور نیوز کے لائسنس کی کیٹیگری پر اعتراض اٹھا دیا۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ایک بار پھر ٹوئنٹی فور نیوز ٹی وی چینل کا لائسنس معطل کرکے پاکستان میں پریس کی آزادی کو روکنے کے اپنے چالاکانہ طریقوں کا سہارا لے لیا۔ پیمرا نے چینل کے لائسنس زمرے پر اعتراض جبکہ نیوز چینل کے اصولی موقف کو یکسر نظر انداز کیا اور یک طرفہ کارروائی میں لائسنس معطل کردیا ہے۔ پیمرا کے چیئرمین نے کسی ٹی وی چینل کا لائسنس معطل کرنے کا اختیار نہ ہونے کے باوجود ٹوئنٹی فور نیوز کا لائسنس معطل کردیا۔

اس سے قبل ہی وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انفارمیشن فہد ہارون نے پیمرا آفس کا دورہ کیا۔ وہ نماز جمعہ کے بعد پیمرا کے چیئرمین کے دفتر میں رہے۔ ان کی روانگی کے بعد پیمرا کے چیئرمین نے ٹوئنٹی فور نیوز کو معطل کرنے کا غیر قانونی حکم جاری کردیا۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے چینل 24 کی بندش کے فیصلے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت آزادی اظہار کا گلا گھونٹ کر اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے، فاشسٹ حکومت کی جانب سے ناپسندیدہ اینکرز اور رپورٹرز کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ چینل مالکان پر نام نہاد مثبت رپورٹنگ کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے جو اختلاف کا اظہار کرے، کٹھ پتلی حکومت اس کی آواز کو قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور چینل 24 پر سے پابندی کے فیصلے کو واپس لے، میڈیا انڈسٹری کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میڈیا ورکرز کے مسائل کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر عائد ہوتی ہے۔

 

سینئر صحافی حامد میر کا کہنا تھا کہ میڈیا انڈسٹری پہلے ہی شدید بحران کا شکار ہے، حکومت کو ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھانا چاہیے۔ عمران خان میڈیا کیخلاف کارروائیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے دنیا بھر میں ملک کی بدنامی ہوگی، حکومت نے آزاد میڈیا کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ فوری انصاف کیلئےعدلیہ سے رجوع کریں گے، عدلیہ سے انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر آئینگے۔

حامد میر کا کہنا تھا کہ میڈیا نےعمران خان کا پورا ساتھ دیا، آج اسے سلب کیا جارہا ہے، 2002 میں حکومت کو ناراض کرکے عمران خان کا ساتھ دیا۔ اس وقت عمران خان پارٹی کے واحد ایم این اے تھے۔ مشرف کا وکیل عمران خان کا ساتھی بن گیا جبکہ عمران خان کہتے تھے اسٹیٹس کو توڑیں گے۔

لاہور پریس کلب کا احتجاج کا اعلان

پیمرا کی جانب سے 24 نیوز کا لائسنس معطل کرنے پر لاہور پریس کلب نے اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا پیمرا کے یکطرفہ اقدام کو قبول نہیں کرتے،  24 نیوز چینل کے لائسنس کو معطل کرنے پر احتجاج کرینگے۔ صدر لاہور پریس کلب کا کہنا تھا کہ چینل کا لائسنس منسوخ کرنا آزادی اظہار رائے پر بڑا حملہ ہے جبکہ نائب صدر قذافی بٹ نے کہا کہ ورکرز کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر احتجاج کریں گے۔  پیمرا پاکستان کے صحافیوں کی آواز دبانے میں سرگرم ہے۔ سابق صدر پی ایف یو جے کا کہنا ہے کہ ٹوئنٹی فور چینل کے ملازمین کا چولہا بند نہیں ہونے دیں گے، ورکرز کا مستقبل بچانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔