بزدار حکومت اعداد و شمار کے ہیر پھیر میں لگ گئی

بزدار حکومت اعداد و شمار کے ہیر پھیر میں لگ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شادمان (علی رامے،حسن علی ) آٹا بحران قابو سے باہر، بزدار حکومت نے  آٹے کی قیمتیں بڑھا کر کمی کا انوکھا دعویٰ کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت میں 45 روپے کا اضافہ کر دیا گیا، قیمت 805 روپے سے بڑھا کر 850 روپے مقرر کر دی گئی لاہوریوں کو ریٹیل قیمت پر آٹا 875 روپے میں ملے گا، فلور ملز کو 1475 روپے من کے حساب سے گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔

  بزدار حکومت کا آٹے کی قیمتوں میں اعدادوشمار کا ہیر پھیر سامنے آگیا، سرکاری ہینڈ آؤٹ میں بیس کلو تھیلے کی قیمت 1100 سے کم کرکے 850 روپے مقرر کرنے کا دعوی کیا گیا ہے جبکہ سرکاری سطح پر آٹے کی قیمت میں 45 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

 واضح رہےکہ گزشتہ سال سرکاری گندم کے آٹے کا 20 کلو کا تھیلا مارکیٹ میں 808 روپے میں فروخت کیا جاتا رہا، ماہ رمضان میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 3 روپے کی کمی کر کے قیمت 805 روپے کر دی تھی، ماہ رمضان کے بعد گندم خریداری مہم کے آغاز سے قبل فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجرا بند کر دیا گیا تھا۔

رواں سال گندم خریداری مہم کے دوران محکمہ خوراک نے فلور ملز کو گندم کی خریداری نہیں کرنے دی، اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1800 سے 2000 روپے فی من تک پہنچ گئی۔

فلور ملز نے مارکیٹ سے مہنگے داموں گندم خرید کر آٹا فراہم کیا جو کہ مہنگے داموں مارکیٹ میں فروخت ہوا، گندم کی قمیت میں اضافہ کے بعد آٹے کا تھیلا 805 کی بجائے 11 سو میں فروخت ہوتا رہا حکومت نے گندم کے اجرا کی قیمت 1475 روپے مقرر کر دی ہے، مارکیٹ میں سرکاری سطح پر آٹے کا بیس کلو تھیلے 850 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

پنجاب کابینہ نے 45 روپے اضافہ کے بعد سرکاری سطح پر آٹے کی قیمت 850 مقرر کر دی ہے جبکہ مارکیٹ میں بیس کلو تھیلے کی ریٹیل قیمت سرکاری سطح پر آٹھ سو پچھتر روپے مقرر ہو گی۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا نے فلور ملز کو سرکاری گندم کی فراہمی کو خوش آئند قرار دے دیا تاہم آٹے کی قیمت پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

 شادمان میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے دفتر میں سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین عاصم رضا نے کہا ہے حکومت کے بروقت فلور ملز کو سرکاری گندم کے اجرا کے فیصلے سے آٹے کی قیمت میں استحکام آئے گا تاہم حکومت کی جانب سے فلور ملز کو سرکاری گندم 1475 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جائے گی جس کے حساب سے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی ایکس مل قیمت 838 جبکہ رٹیل 863 بنتی ہے۔

  عاصم رضا نے کہا حکومت نے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 850 مقرر کی ہے جس پر تحفظات ہیں, حکومت گندم کی اجرائی قیمت کے حساب سے آٹے کی قیمت مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ آٹے کی قیمت فلور ملز کی مشاورت سے مقرر کرے.

Sughra Afzal

Content Writer