(ویب ڈیسک ) بالی وڈ اداکار سلمان خان کا شمار ٹاپ اداکاروں میں ہوتا ہے،انہوں نے بالی وڈ کو بہت سی کامیاب فلمیں دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سلمان خان نے اپنے ہاتھ میں پہننے بریسلیٹ سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے اور ہروقت بریسلٹ پہننے کی وجہ بتا دی۔ سلمان خان نے فیروزہ کے بریسلٹ کو اپنے لئے خوش قسمت قراردیتے ہوئے کہا کہ فیروزہ پتھرسےمزین بریسلٹ انہیں حادثات سے بچاتا آیا ہے اوراگرکچھ غلط ہونے والا ہوتو بریسلٹ میں موجود فیروزہ پتھرمیں باریک دراڑ پڑجاتی ہے، وہ اب تک 3 مرتبہ بریسلٹ میں لگے فیروزہ تبدیل کرچکے ہیں۔
سلمان خان کا کہنا تھا وہ بچپن سے اپنے والد سلیم خان کے ہاتھ میں بریسلیٹ دیکھتے آئے ہیں، جوان ہونے پروالد نے انہیں بھی بریسلٹ بنوادیا۔جب سے وہ بریسلٹ کبھی نہیں اتارتے۔
خیال رہے کہ سلمان خان نے اداکاری کا آغاز 1988 میں فلم 'بیوی ہو تو ایسی' سے کیا تھا۔ انہیں پہلی کامیابی1989 میں فلم 'میں نے پیار کیا' سے ملی،1990 میں سلمان نے کچھ کچھ ہوتا ہے میں بہترین معاون اداکار کا فلم فار فیئر ایوارڈ جیتا۔
دیگر بہت سی کامیاب فلموں کے ساتھ ساتھ2010 میں ان کی فلم ”دبنگ” نے پوری دنیا میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے اور 150 کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کیا۔