(سٹی42)بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کا سہولت کار گرفتار, ملزم افضل نے ساجد نامی شخص کے کہنے پر حملہ آوروں کو اسلحہ دیا,ساجد اور اس کا دوست محسن منظر عام سے غائب ہو گئے ۔ حملہ آوروں کی تصاویر بھی سامنے آ گئیں۔ پولیس نے جلد ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق ن لیگ کے رہنما بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، حملہ آوروں کو اسلحہ دینے والا ملزم افضل گرفتار کر لیا گیا ہے۔افضل کا کہناتھا کہ وہ حملہ آوروں کو نہیں جانتا ۔ ساجد نامی شخص نے اسے اسلحہ فراہم کرنے کا کہا، جو گڑھی شاہو میں ڈیوٹی فری شاپ کے قریب سکے بیچنے کا کام کرتا ہے۔
پولیس کے مطابق ساجد اور اس کا ساتھی محسن فرار ہو چکے ہیں۔۔ ان کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب حملہ آوروں کی تصاویر بھی سامنے آ گئی ہیں۔ایک ملزم موٹرسائیکل پر بیٹھا رہا۔ دوسرے نے فائرنگ کی۔ ملزمان کا پستول فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ وہ جلد ملزموں تک پہنچ جائے گی۔