( سعدیہ خان ) نئے سال کے پہلے ہفتے میں لاہور چڑیا گھر میں سیاحوں کا ریکارڈ رش دیکھا گیا، بچے جانوروں کے ساتھ تصویریں بنواتے، جھولے لیتے اور سرد موسم میں ٹھنڈی ٹھنڈی آئس کریم کھا کر مزہ دوبالا کرتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق سرد موسم میں بچے، بڑے اور بزرگ سبھی چڑیا گھر پہنچ گئے، سیاح مفلون کی اٹکھیلیوں اور شیر کی دھاڑ سے خوب محظوظ ہوئے۔ چڑیا گھر کے مکینوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور سرد موسم میں گرما گرم پکوان بھی کھائے۔
والدین کا کہنا ہے کہ کورونا کے دباؤ سے نکلنے اور موسم کا مزا دوبالا کرنے کیلئے بچوں کے ساتھ گھروں سے نکلے ہیں۔ چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق اتوار کے روز 4 لاکھ 93 ہزار روپے کی آمدن ہوئی جبکہ چودہ ہزار سے زائد افراد نے چڑیا گھر کی سیر کی۔