پرچے لیک سکینڈل میں اہم پیشرفت

پرچے لیک سکینڈل میں اہم پیشرفت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( رضوان نقوی ) محکمہ اینٹی کرپشن نے ملزمان کا تین روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا، اینٹی کرپشن نے ماضی میں لیک کئے گئے پرچوں سے متعلق تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پی پی ایس سی پیپر لیک سکینڈل کے ملزمان کو اینٹی کرپشن نے عدالت میں پیش کرکے تین روز کا ریمانڈ حاصل کرلیا۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ڈیٹا انٹری آپریٹر وقار اکرم، غضنفر، گوہر اور مظہر عباس کو اینٹی کرپشن کی سپیشل ٹیم نے سٹنگ آپریشن کر کے گزشتہ روز رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔

اینٹی کرپشن کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، لیکچرارز، ڈپٹی اکاؤنٹس آفیسر سمیت دیگر پرچے لیک کرچکے ہیں۔ ملزمان تحصیلدار کا ایک پرچہ آٹھ لاکھ میں لیک کرکے فروخت کر رہے تھے۔ اینٹی کرپشن کے اسٹنگ آپریشن کے بعد پی پی ایس سی نے پرچہ منسوخ کردیا۔

اینٹی کرپشن نے ملزمان کے بیانات قلمبند کرکے پیپر لیک سکینڈل کے حوالے سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس نے کہا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کے بعد تمام حقائق جلد قوم کے سامنے لائیں گے۔