حکومت شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام

حکومت شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حسن علی ) حکومت کے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے لیے پیکج دینے کے دعوؤں کے بعد بھی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری، مختلف اشیا کی قیمتوں میں دو روپے سے لے کر سو روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔

ایک طرف تو یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے عوام کو ریلیف دینے کے دعوے کئے جا رہے ہیں تو دوسری طرف اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں میں یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، دالیں، چاول، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے۔

یوٹیلٹی سٹورز کے نوٹیفکیشن کے مطابق درجہ دوم اور درجہ سوئم کے گھی، کوکنگ آئل کی قیمت میں 2 سے 62 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ دیسی گھی 100 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔ یوٹیلٹی سٹورز پر فروخت کیا جانے والا ڈبے کا دودھ 12 روپے اضافے کے بعد ایک سو تینتالیس روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ مختلف برانڈ کے مصالحہ جات اور کھانے پینے کی اشیا، ٹوتھ پیسٹ، صابن سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں 2 سے 30 روپے اضافہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔

یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے شہری حکومت سے نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ریلیف پیکج سے قبل تمام اشیا کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی نااہلی ہے۔ اب حکومت چند روپے ریلیف پیکج کے نام پر کم کرکے عوام پر احسان کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی فراہمی مارکیٹ سے کم قیمتوں پر یقینی بنائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔