(شہباز علی) انٹرنیشنل کبڈی چیمپیئن شپ میں حصہ لینے کے لئے بھارتی کبڈی ٹیم لاہور پہنچ گئی، بھارتی ٹیم کے کوچ اور کپتان نے پاکستان آنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی کبڈی ٹیم کے کھلاڑی واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچے، سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ واہگہ بارڈر سے بھارتی ٹیم نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے دفتر پہنچی جہاں صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور حسین بھٹی اور ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب ندیم سرور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ حکومت روایتی کھیلوں کی بحالی کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے گی۔
بھارتی ٹیم کے کوچ کلدیپ سنگھ کا کہنا تھا کہ ہم لاہور آکر بے حد خوش ہیں۔ بھارتی کپتان پرتاپ سنگھ کا کہنا تھا کہ ہم یہاں بہترین کبڈی کھیل کر پاکستانیوں کے دل جیتنے آئے ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور حسین بھٹی اور ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب سے ملاقات کے بعد بھارتی کبڈی ٹیم فیصل آباد روانہ ہو گئی۔