(مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات کے دوران مزید پیشرفت سامنے آئی ہیں۔
سی سی پی او پشاور اعجاز خان کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہونے سے پہلے ہیلمٹ باہر چھوڑا تھا، حملہ آور کے جسمانی اعضاء اور ہیلمٹ مسجد کے ملبے سے ملے ہیں، ہیلمٹ سے فارنزک شواہد لے لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تفیشی ٹیم کو خودکش حملہ آور کے زیر استعمال بوٹ ملے ہیں، خودکش حملہ آور کے دو پاؤں بھی ملے جن سے تفتیش میں مزید اہم پیشرفت ہو گی، حملہ آور کے زیر استعمال ہیلمٹ بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
یاد رہے کہ 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 100 کے قریب افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔
آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آور کے نیٹ ورک کے قریب پہنچ چکے ہیں، ایک ایک شہید کے خون کا حساب لیا جائے گا۔