(درنایاب) ایل ڈی اے کی روایتی نااہلی، افسران نے کمشنر کورٹ کو مذاق بنا لیا، شہریوں کے درجنوں کیسز ایل ڈی اے جوابات موصول نہ ہونے پر لٹک گئے، کمشنر آفس کی تنبیہ پر ایل ڈی اے لیگل ڈیپارٹمنٹ نے افسران کو ترجیحی جوابات بھجوانے کیلئے مراسلہ لکھ دیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے ) کے افسران کمشنر آفس میں زیر سماعت اپیلوں پر جواب نہیں دیتے، کمشنر کی عدالت ایل ڈی اے کے فیصلوں کیخلاف اپیلٹ اتھارٹی ہے، کمشنر آفس کے سنجیدہ نوٹس پر ڈائریکٹر لاء ایپلٹ کورٹس ایل ڈی اے نے افسران کومراسلہ لکھ دیا، ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ ڈویلپمنٹ ون، ٹو، تھری، فور کے افسران کو جواب دینے کا پابند قرار دیا گیا ہے جبکہ ایل ڈی اے لینڈ ایکوزیشن کلکٹر کوبھی جوابات داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اراضی ایکوائر کرنے کے معاملات پر شہری اپیلیں کمشنر آفس کو کرتے ہیں۔گزشتہ روز عدالت نے زمین لے کر معاوضہ نہ دینے پر بھی ایل ڈی اے حکام کی سرزنش کی تھی، واضح رہے حکم عدولی پر کمشنر کے پاس متعلقہ محکمے کے افسرکیخلاف کارروائی کیلئے چیف سیکرٹری کو لکھنے کا اختیار موجود ہے.
علاوہ ازیں ایل ڈی اے میں افسران کے تقررو تبادلے کردیئے گئے، لاء افسر عمران خان کوڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ ونگ تعینات کردیا گیا، اسسٹنٹ ڈائریکٹروسیم حیدر کا تبادلہ کر کے انہیں ایڈمنسٹریشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریونیو ڈائریکٹوریٹ میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹراکاؤنٹس معظم علی خان کو اسسٹنٹ منیجر اکاؤنٹ اینڈ فنانس سپورٹس کمپلیکس کا اضافی چارج دیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نواز گوندل نے تقرروتبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔