مال روڈ(علی اکبر) سینیٹ انتخابات کی سرگرمیوں میں تیزی، مسلم لیگ (ن) نے پرویز رشید اور پروفیسر ساجد میر کے نام شارٹ لسٹ کر لیے، ٹکٹ کے لیے دو سابق گورنر بھی میدان میں آگئے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے ممکنہ امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ذرائع کے مطابق پرویز رشید، پروفیسر ساجد میر اور راجہ ظفر الحق کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جبکہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور سابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بھی سینیٹ کی ٹکٹ ملنے کی امید لگا رکھی ہے۔ خواتین کی نشست پر عائشہ رضا دوبارہ ایوان بالا میں جانے کے لیے کوشش کر رہی ہیں۔
سینیٹ انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ( ن) میں ان دنوں مشاورت کا عمل جاری ہے، ٹکٹ کس کو ملتی ہے، اس حوالے سے پارلیمانی بورڈ اپنی سفارشات سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو بھجوائے گا اور ان کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے بھی سینیٹ انتخابات کے لئے امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کر لئے ،شارٹ لسٹ کئے گئے ناموں میں وزیراعظم کے چار معاون خصوصی شامل ہیں، لسٹ میں شہزاد اکبر ، ڈاکٹر فیصل، رزاق داؤد، شہباز گل، اعجاز احمد چوہدری، سیف اللہ نیازی اور امین اسلم کے نام شامل ہیں، خواتین کی نشست کے لیے نیلوفر بختیار، نگہت محمود، نیلم ارشاد کے نام زیرغور ہیں، سینیٹ انتخابات کی ٹکٹ کا قرعہ کس کے نام نکلے گا، پارلیمانی بورڈ فیصلہ کرے گا ۔
علاوہ ازیں سینیٹ انتخابات پر حکومتی حکمت عملی طے کرنے کیلئے پنجاب کے بڑے اسلام آباد چلے گئے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر چودھری محمد سرور کو اسلام آباد طلب کیا۔ روانگی سے قبل گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں، سینیٹ انتخابات میں حکومت اور اتحادی ہی کامیاب ہونگے، سینیٹ انتخابات میں شفافیت کیلئے اوپن بیلٹنگ لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اگر سینیٹ انتخابات میں شفافیت کی حامی ہے تو حکومت کا ساتھ دے۔