(ملک اشرف) پنجاب پولیس میں بھرتی نہ کرنے کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس انعام غنی کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کردیا، عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو آئی جی پولیس سے ہدایات لے کر آئندہ سماعت پر جواب دینے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد وحید نے رضا اللہ خان اور علی رضا سمیت 14 سائلین کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب پولیس میں مختلف عہدوں پر بھرتی کیلئے درخواستیں دیں، میرٹ پر پورا اترنے کے باوجود انہیں بھرتی نہیں کیا گیا، پنجاب پولیس میں بھرتی کے لئے آئی جی پنجاب کو بھی درخواستیں دیں، شنوائی نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے ان کی درخواستیں نمٹاتے ہوئے دادرسی کے لئے آئی جی پنجاب پولیس کو بھجوا دی تھیں، عدالت نے آئی جی پنجاب کو بھرتی کی درخواستوں پر قانون کے مطابق فیصلے کا حکم دیا تھا، عدالت کے 9 اکتوبر 2020 کے حکم کی تعمیل نہیں کی جا رہی۔
درخواستگزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ حکم عدولی پر آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت نے وکیل کا موقف سننے کے بعد آئی جی پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔