( در نایاب ) اورنج لائن ٹرین منصوبہ شہریوں کی پہنچ سے مزید دور ہوگیا، حکومت پنجاب کا 23 مارچ کو ٹرین چلانے کا اعلان کرونا وائرس کی ٹریول ایڈوائس کی نذرہوگیا۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تکنیکی اور انتظامی طور پر بھی اورنج لائن کو آپریشنل کرنا ممکن نہیں ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ذرائع کے مطابق اورنج لائن کے لئے 1100 لوکل جبکہ 400 بین الاقوامی بھرتیوں کا عمل شروع ہونا باقی ہے۔ بھرتیوں کا عمل مکمل کرکے عملے کو ٹریننگ دینے جیسا اہم پراسیس شروع ہونا بھی باقی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے عجلت اور بغیر زمینی حقائق جانے 23 مارچ کو اورنج لائن چلانے کا اعلان کیا تھا جو پورا ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔ اورنج لائن کا سیکورٹی کا ٹھیکہ کیا جاچکا ہے جبکہ صفائی کا ٹھیکہ ابتدائی مراحل میں ہے۔ اورنج لائن کا آپریشنل ٹھیکہ چینی کمپنی کو آٹھ سال کے لئے دینے کا آمادگی کا لیٹر جاری کیا جاچکا ہے۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق کرونا وائرس کے باعث ٹریول کلیئرنس نہ ہونے تک اور حالات نارمل ہونے تک کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق حالات نارمل ہونے تک چینی عملہ چائنہ میں جبکہ پاکستانی عملہ پاکستان میں بھرتی کیا جاسکتا ہے۔