(عمران یونس) سینٹ الیکشن 2018 کیلئے میدان سج گیا، آمدن سے زائد اثاثوں پر نیب ریفرنس کا سامنا کرنے والے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، چوہدری سرور، ہارون اختر خان، کامل علی آغا، سعود مجید، نذیر سواتی، انعام اللہ خان نیازی، رانا جاوید اقبال سمیت 57 امیدواروں نے کاغذات حاصل کر لئے۔
صوبائی الیکشن کمیشن آفس سے سینٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 57 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ہیں۔ پنجاب سینٹ کی سات جنرل، دو ٹیکنوکریٹ، دو خواتین اور ایک نان مسلم سیٹ کے لئے امیدوار کاغذات نامزدگی حاصل کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن آفس میں لگائے جانے والے نوٹس کے مطابق امیدوار 8 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، 9 فروری کو امیدواروں کی ابتدائی فہرستیں آویزاں ہونگی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 12 فروری کو ہوگی۔ امیدوار 15 فروری کو اپیل جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 18 فروری کو جاری ہوگی، امیدوار 19 فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ سینٹ انتخابات کی پولنگ 3 مارچ کو صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔
آمدن سے زائد اثاثوں پر نیب ریفرنس کا سامنا کرنے والے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال کے بیٹے رانا جاوید اقبال، ہارون اختر خان، کامل علی آغا، سعود مجید، چوہدری سرور، نذیر سواتی، انعام اللہ خان نیازی، رانا جاوید اقبال سمیت دیگر نے کاغذات لیے۔ پنجاب کی 12 نشستوں کے لئے 3 مارچ کو سینٹ الیکشن پنجاب اسمبلی میں ہوں گے۔