(عمران یونس) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سمن آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی دیسی گھی تیار کرنے والی اتفاق ڈیری فیکٹری سیل کرکے 400 کلو جعلی دیسی گھی موقع پر تلف کر دیا۔
تفصیلات کےمطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اشیائے خوردونوش میں جعل سازی کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ فوڈ اتھارٹی نے سمن آباد کے علاقے میں جعلی دیسی گھی تیار کرنے والی اتفاق ڈیری فیکٹری سیل کر دی۔ فیکٹری میں بناسپتی گھی میں فلیور اور کیمیکل شامل کر کے مکھن اور دیسی گھی تیار کیا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی نے بھاری مقدار میں بناسپتی گھی تحویل میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اے ڈی جی آپریشنز کے مطابق جعلی مکھن اور دیسی گھی ہوٹلوں کو سپلائی کیا جاتا تھا۔ جعلی مکھن بچوں کی کینڈیز بنانے والوں کو بھی فروخت کیا جا رہا تھا۔