(شاہد ندیم سپرا)لیسکو کی بھاٹی گیٹ سب ڈویژن کی ٹیموں نے میٹرو بس سٹیشن ضلع کچہری میں بجلی چور پکڑ کر لاکھوں روپے کے ڈی ٹیکشن بل چارج کر لئے۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس سلسلے میں بھاٹی گیٹ سب ڈویژن کے علاقے میں لیسکو حکام نے کارروائی کی، اس دوران لاہور میٹرو بس سروس کی انتظامیہ بھی بجلی چوری میں ملوث نکلی۔
لیسکو حکام نے دوران چیکنگ نشاندہی کی کہ لاہور میٹرو سروس کی زیر استعمال میٹر کا ایک فیز ڈیڈ ہے جس کی وجہ سے ادارے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ حکام نے میٹر کو قبضے میں لے کر میٹرو بس انتظامیہ کو ڈٹیکشن بل کی مد میں چوبیس ہزار یونٹ چارج کیے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم بلا تفریق جاری رہے گی، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔