عابد چودھری: سیف سٹی 15سینٹر سے ایمرجنسی کال پر فوری کارروائی کے نتیجہ میں 8سالہ گمشدہ ذہنی معذور بچی کسی بڑے حادثہ کا شکار ہونے سے بچ گئی۔ اہلکاروں نے بچی کو بروقت تلاش کر کے ماں کے سپرد کر دیا۔
مہک خان ٹاؤن شپ لاہور کے علاقے میں ماں سے بچھڑ کر گم ہو گئی تھی، ایک ذمہ دار شہری نے ایمرجنسی 15 پر کال کر کے ایک کمسن لاوارث بچی کی موجودگی کی اطلاع دی، سیف سٹی ٹیم نے پولیس کی نزدیکی ٹیم کو فوری طور پرموقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔
ٹاؤن شپ پولیس نے بروقت ایکشن کرتے ہوئے بچی کو اپنی تحویل میں لیا، پولیس نے والدین کو تلاش کر کے تصدیق کے بعد بچی کو ماں کے حوالے کر دیا۔
ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ شہری کسی بھی گمشدگی کی صورت میں فورا 15 پر اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ سیف سٹی لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سنٹر اب تک 5 ہزار سے زائد افراد کو اپنوں سے ملوا چکا ہے۔