سٹی 42: سی ای او پی سی بی وسیم خان کا کہناہے کہ قومی سکواڈ کے ارکان دورانِ سفر کورونا وائرس کی زد میں آئے۔ نیوزی لینڈ میں پروٹوکول کی خلاف ورزی کا الزام درست نہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے قومی کرکٹرز کو نیوزی لینڈ جانے سے قبل پاکستان میں ہی کورونا وائرس لاحق ہونے کی خبروں کو مسترد کردیا۔انہوں نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ روانگی سے قبل تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے کورونا ٹیسٹ شوکت خانم اسپتال سے کروائے گئے تھے۔ جس کے نتائج پر کسی قسم کے شک و شبہات کا اظہار کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ممکن ہے طویل سفر کے دوران کھلاڑی وائرس کی زد میں آگئے ہوں لیکن یہ بات درست نہیں ہے کہ نیوزی لینڈ میں پروٹوکول کی خلاف ورزی کی وجہ سے انھیں کورونا ہوا ہے۔
وسیم خان نے قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تو ویسٹ انڈین ٹیم بھی نیوزی لینڈ میں ہے،اس کے کھلاڑیوں نے بھی اسی ماحول میں 14 روز کا قرنطینہ مکمل کیا تب ہی انھیں ٹریننگ کی اجازت ملی ہے۔اس لئے یہ کہنا مناسب نہیں کہ کورونا وبا کے دوران ہم نے نیوزی لینڈ کا دورہ کیوں کیا؟انہوں نے دورہ نیوزی لینڈ کے ملتوی ہونے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال اس دورے کو کوئی خطرہ لاحق نہیں لیکن ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
یاد رہے نیوزی لینڈ میں چھٹے روز ہونے والی کوویڈ ٹیسٹنگ کی مکمل رپورٹس آگئیں نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے رپورٹس پی سی بی حکام کو بھجوادیں۔ قومی اسکواڈ کے ایک اور رکن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیاجس کے بعد نیوزی لینڈ میں مجموعی طور پر آٹھ اراکین کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں آٹھ میں سے دو اراکین کو نان ہسٹارک انفیکٹڈ قرار دیاگیا یہ دونوں اراکین اپنی آئسولیشن باقی اسکواڈ کے ساتھ مکمل کریں گے۔