ہوم ورک نہ کرنے والےکمسن طالبعلم کو تخلیقی جھوٹ نےانڈیامیں مشہورکردیا

Himachal Pradesh, Bilaspur student fakes his abduction story, city42
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست ہماچل پردیش کے شہر بلاس پور سے تعلق رکھنے والے آٹھویں جماعت کے معصوم  تخلیق کار طالب علم کی  گرمیوں کی چھٹیوں میں اپنے نامکمل ہوم ورک کی سزا سے بچنے کے لیے  اپنے  اغوا کی کہانی نے بھارت کے نیشنل میڈیا میں دھوم مچا دی۔ 

بھارت کے ممتاز اخبارات اور نیوز چینلز نے ہماچل پردیش کے چھوٹے سے پہاڑی شہر بلاس پور کے ایک کم عمر طالب علم کی اس تخلیقی کہانی کو نمایاں کورریج دی ہے جو اس نے اسکول ٹیچرز کی ڈانٹ سے بچنے کے لئے گھڑی لیکن تحقیق کئے جانے پر جھوٹ پکڑا گیا۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بچے نے اپنے گھر والوں کو بتایا کہ دو نقاب پوش نوجوان پر اس کے پاس آئے اور اسے ایسی چیز سونگھائی جس سے وہ بے ہوش ہوگیا۔

بچے نے بتایا کہ پھر اغوا کار اسے موٹر سائیکل پر زبردستی لے گئے تاہم اسے اچانک اس وقت ہوش آ گیا جب  اغوا کار کی موٹر سائیکل ٹریفک جام میں پھنسی  ہوئی تھی۔

اس نے بتایا کہ وہ اغوا کاروں کی گرفت سے خود کو چھڑانے میں کامیاب ہو گیا اور فرار ہو  کر واپس  گھر آ گیا۔

بچے کے دعوے سے گھبرا کر بچے کے اہلخانہ نے فوری طور پر پولیس کو واقعے کی اطلاع دی ۔ جب پولیس حکام نے تفتیش شروع کی اور سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی تو انہیں معلوم ہوا کہ بچے کی کہانی من گھڑت ہے۔

پولیس کی جانب سے پیار سے پوچھ گچھ کرنے پر آٹھویں جماعت کے طالب علم نے اپنے ادھورے اسکول کے کام پر ٹیچر سے مار کھانے سے بچنے کے لیے جھوٹی کہانی تیار کرنے کا اعتراف کر لیا۔ اس کہانی سے بچے کے گھر والوں اور پولیس اہلکاروں  کو زحمت تو ہوئی تاہم بچہ اسکول ٹیچروں کی ڈانٹ سے یقینی طور پر بچ گیا کیونکہ اب اس کی کہانی بھارت بھر میں سب کو معلوم ہو چکی ہے اورر وہ خاصا مشہور ہو گیا ہے۔