(عمران یونس)پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات کے آن لائن سسٹم میں خرابی کا خمیازہ طلبا بھگتنے پر مجبور، بی اے/ بی ایس سی کے سینکڑوں طلبا کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ، آن لائن ریکارڈ ظاہر نہ ہونے پر طلبا کو سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کیلئے کلئیرنس نہ ملی.
تفصیلات کےمطابق پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات کی نااہلی نے طلبا کا تعلیمی سال داو پر لگا دیا، یونیورسٹی نے بی اے/ بی ایس سی کے سالانہ امتحانات کا رزلٹ 12 جولائی کو جاری کیا اور سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کے لئے 30 جولائی کی ڈیڈ لائن دے دی، عید کی چھٹیوں کے بعد سینکڑوں طلبا نے داخلہ فارم جمع کروا دئیے لیکن یونیورسٹی کے آن لائن سسٹم میں خرابی سے ان کا ریکارڈ ظاہر نہیں ہوا، اب طلبا رولنمبر سلپس کے لئے یونیورسٹی کے چکر کاٹ رہے ہیں اور کوئی ان کی بات سننے والا نہیں۔
طلبا نے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو یونیورسٹی انتظامیہ آن لائن سسٹم میں خرابی کی ذمہ داری لے یا پھر فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرے تاکہ سینکڑوں طلبا کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچ جائے۔