نشتر پارک ( حافظ شہبازعلی) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔
پی ایچ ایف کی جانب سے خصوصی ڈیزائن کردہ فٹنس اینڈ سکل پروگرام کے ذریعہ اہل کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بنا لیا گیا، کیٹیگری اے میں پانچ، کیٹیگری بی میں دو کیٹیگری سی میں پانچ کھلاڑیوں کو پی ایچ ایف سینٹرل کنکٹریکٹ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ ایمرجنگ پلیئرز کیٹیگری میں چار کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ ہونگے۔ ان امر کا اظہار سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپین آصف باجوہ نے چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر اور ہیڈ کوچ اولمپین خواجہ جنید کے ہمراہ پی ایچ ایف ہیڈ کواٹرز لاہور میں پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہدایات کے تحت عالمی سٹینڈرڈ فٹنس پروگرام کے ذریعہ پی ایچ ایف نیکھلاڑیوں کی فٹنس اور سکل کے معیار کو پرکھا گیا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پالیسی، کھلاڑیوں کی فٹنس اور ڈسپلن پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، پی ایچ ایف سینٹرل کنٹرکیٹ پالیسی دیگر فیڈریشنوں کے لئے قابل تقلید مثال ہے۔
سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ نے کہا کہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کی جانب سے16 کھلاڑیوں کو پی ایچ ایف سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ اے کیٹیگری میں عمر بھٹہ،مبشر علی، اعجاز احمد ، علی شان اور ابوبکر محمود کو شامل کیا گیا ہے جبکہ بی کیٹیگری میں تعظیم الحسن اور معین شکیل شامل ہیں۔
سی کیٹیگری میں گول کیپر وقار، گولکیپرعبداللہ، عقیل،عمیر ستار اور رومان خان شامل کئے گئے ہیں۔ ایمرجنگ پلیئرز کیٹیگری میں دانش،رضوان علی،عبیداللہ اور نوید عالم پی ایچ ایف سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ ہونگے۔ سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی جانچ ماہانہ بنیادوں پر ہوگی، سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کو بلحاظ پرفارمنس اے، بی اور سی کیٹیگری میں رکھا جائے گا، اے کیٹیگری کھلاڑی کو پچاس ہزار،بی کیٹیگری کو 40ہزار اور سی کیٹیگری کو 30 ہزار روپے ملیں گے۔ جبکہ ایمرجنگ پلیئرز کیٹیگری کو 20 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر سمیت متعدد کھلاڑی پی ایچ ایف سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرسکے، ان کیعلاوہ پاکستان ہاکی ٹیم کے متعدد کھلاڑی فٹ نس ٹیسٹ میں فیل ہوگئے ان کھلاڑیون میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر، گول کیپر امجد علی، مڈ فیلڈر اظفر یعقوب، مڈ فیلڈر رانا وحید، فارورڈ رانا سہیل شامل ہیں۔
سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپین آصف باجوہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے کھیلوں کی فلاح بہبود کے پلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی اہم ضروت بھی ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن سمیت پاکستان ہاکی کمیونٹی وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بیان کا خیرمقدم کرتی ہے، حکومتی سرپرستی کے بغیر کھیلوں کی بہتری ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے تحت قومی کھیل ایکبار پھر ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔