(حافظ شہباز علی) انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کی سولہ رکنی ٹیم کا اعلان کل ہوگا ، ہیڈ کوچ مصباح الحق کہتے ہیں تیاریوں سے مطمئن ہوں ماضی کی نسبت پچز مختلف ہیں، انگلینڈ ٹیم کا باؤلنگ اٹیک بہت تگڑا ہے ۔
مانچسٹر سے ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر تیاریوں کے حوالے سے مطمئین ہوں۔ تین ماہ کے بعد زیرو سے آغاز کیا جوکہ شاندار رہا ، ایک ماہ سے زائد سے ہم اکٹھے ہیں ٹیم اچھی تیاری میں ہے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے مقابلے میں ہماری باؤلنگ ناتجربہ کار ضرور ہے لیکن نوجوان فاسٹ باؤلرز کے پاس اپنے آپ کو منوانے کا اچھا موقع ہے ۔ کنڈیشنز مختلف ہونے سے انگلینڈ کی بیٹنگ کو بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف مشکل ہوئی۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ پچز اسپنرز کے لیے مددگار ہیں، دو اسپنرز کھیلنے کی آپشن زیرغور ہے، ٹیم کمبینیشن کے بارے میں مشاورت جاری ہے۔ ٹیم دو سیریز جیت کر آئی ہے، امید ہے اچھا کھیل پیش کریں گے۔