حافظ شہباز علی: پی سی بی کرکٹ کمیٹی کرکٹ کے حوالے سے چھ اگست کو پھرمشاورت کرے گی، قومی ٹیم کے کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر نے تین سالہ دور کوتسلی بخش قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں ایم ڈی پی سی بی کی زیرصدارت کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ساڑھے سات گھنٹے تک جاری رہا، اجلاس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ سمیت گزشتہ تین برس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اورسابق چیف سلیکٹرانضمام الحق نے کمیٹی کے سامنےاپنا موقف پیش کیا۔
ذرائع کے مطابق سرفراز احمد اورمکی آرتھر نےاپنی تین سالہ کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا، انہوں نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے سیمی فائنل تک نہ پہنچنے کو بدقسمتی اور رن ریٹ کےناقص قانون کو قرار دیا۔ سابق چیف سلیکٹرانضمام الحق نے کمیٹی کو بتایا کہ ان کی سلیکشن کمیٹی نے بابر اعظم، حسن علی، فخرزمان، شاداب خان، امام الحق، آصف علی، شاہین شاہ آفریدی جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کومنتخب کیا جنہوں نے خود کوبین الاقوامی سطح پرمنوایا۔
کمیٹی اراکین نےکپتان، ہیڈ کوچ اورچیف سلیکٹر سے مختلف معاملات پرسوال جواب کیے، اس دوران قومی انڈر19، انڈر16 اورویمنز ٹیموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔
کمیٹی کےاراکین نے مستقبل کی حکمت عملی پرطویل مشاورت کی، ذرائع کے مطابق سابق کپتان اظہرعلی کو ٹیسٹ کپتان بنانے پر بھی بات ہوئی، ایم ڈی پی سی بی چھ اگست کودوبارہ کرکٹ کمیٹی کےاراکین سے ٹیلی فون پراجلاس پر ہونے والے فیصلوں کے حوالے سے حتمی مشاورت کریں گے جس کے بعد کمیٹی اپنی تجاویزچیئرمین پی سی بی کوبھجوادے گی۔