مِنی جنرل الیکشن 21 اپریل کو ہوں گے، تیاریاں مکمل، بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ جاری

Mini General Election, April 21 by election, Election Commission of Pakistan, Ballot Papers, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مختلف رہنماؤں کی خالی کی ہوئی نشستوں پر ضمنی الیکشن 21 اپریل کو ہو رہا ہے۔ اس ضمنی الیکشن کو ایک طرح سے مِنی جنرل الیکشن کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے کیونکہ اس روز بیک وقت  23 خالی نشستوں کے انتخابات ہوں گے اور  عوام 239 امیدواروں میں سے 23 کو  قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت کے لئے شرفِ قبولیت بخشیں گے۔ 

 الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی کی خالی نشستوں کیلئے  50 امیدوار مد مقابل ہیں۔ 

8 فروری کے عام انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشستوں میں سے صرف ایک نشست این اے  207 شہید بینظیر آباد سے    پیپلز پارٹی کی آصفہ بھٹو زرداری بلامقابلہ منتخب ہوئی ہیں۔

21 اپریل کو  ہونے والے مِنی جنرل الیکشن میں  پنجاب میں 154 امیدوار ہیں۔ سندھ میں زبیر احمد جونیجو نے پی ایس 80 سے بلامقابلہ اپنی نشست حاصل کرلی ہے اور بلوچستان اسمبلی کی خالی نشستوں کے لیے 12 امیدوار میدان میں ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کی خالی نشستوں کے لیے کل 23 امیدواروں میں مقابلہ ہو گا۔ 

 الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ 30 مارچ کو متعلقہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کی فہرستوں کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔  ے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہو چکی ہے اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو ضروری انتخابی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔

منی جنرل الیکشن کی سکیورٹی کے لئے الیکشن کمیشن وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے صوبائی اداروں کے ساتھ بھی قریبی رابطہ  میں ہے۔

 13 اپریل کو الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 23 نشستوں پر 21 اپریل کو ضمنی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا تھا۔

قومی اسمبلی کی 6 نشستوں،  پنجاب اسمبلی کی 12 نشستوں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2  نشستوں جبکہ سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا۔