عمران یونس: پنجاب یونیورسٹی نے ایم اے، ایم ایس سی امتحانات کے آن لائن داخلوں کا نیا شیڈول جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے ایم اے، ایم ایس سی پارٹ ون اور پارٹ ٹو سالانہ 2021ء کا آن لائن داخلہ فارم و فیس جمع کرانے کا ریوائزڈ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ ایسے امیدوار جن کا سپلیمنٹری امتحان 2020ء میں آخری چانس تھا اور کورونا کی وجہ سے امتحانات نہ ہونے کے باعث پیپر دینے سے قاصر رہے وہ سالانہ امتحان 2021ء میں اپنے داخلے بھجوا سکتے ہیں۔
ریگولر/لیٹ کالج /پرائیویٹ اور امپروو ڈویژن ایم اے، ایم ایس سی پارٹ ون اور پارٹ ٹو سالانہ 2021ء کے امیدوار سنگل فیس کے ساتھ آن لائن فارم 30 اپریل 2021ء اور ڈبل فیس کے ساتھ یکم مئی تا 14 مئی 2021 تک جمع کرواسکتے ہیں۔ تفصیلات پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے 10 ملازموں کو اگلے عہدوں پر ترقی دے دی۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 5 سینئر کلرکوں کو اسسٹنٹ کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔ 5 جونیئر کلرکوں کو بھی سینئر کلرک کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے۔ اسسٹنٹس کے عہدوں پر ترقی پانے والوں میں شفیق الرحمن، طارق محمود، حافظ عبدالمنان، اللہ دتہ اور نعمان ہاشمی شامل ہیں۔
سینئر کلرک کے عہدوں پر ترقی پانے والوں میں ریحان الحق، سید شاہد علی، ساجد مجید، عمران علی اور منصور احمد ناصر کے نام شامل ہیں۔ ترقی پانے والے ملازموں کو مختلف شعبوں میں نئی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز اختر نے منظوری دی۔