( ملک اشرف ) چیف جسٹس محمد قاسم خان کے زیر صدارت لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس، صوبہ بھر سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے عہدوں پر ترقی دینے کا جائزہ لیا گیا۔
نیو ججز لائبریری میں منعقدہ اجلاس میں لاہور سمیت صوبہ بھر سے 30 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو محکمانہ ترقی دینے پر غور کیا گیا، تاہم معاملہ مزید جائزہ لینے کے لیے اجلاس موخر کردیا گیا۔
اجلاس میں ہائیکورٹ اور ضلعی عدالتوں کے مختلف انتظامی امور بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے انتظامی کمیٹی میں شامل سینئر سات ججز نے شرکت کی۔
انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس شاہد وحید، جسٹس علی باقر نجفی شریک ہوئے۔
اجلاس میں رجسٹرار ہائیکورٹ بہادرعلی خان، سیشن جج ایچ آر ہائیکورٹ سردار طاہر صابر بھی موجود تھے۔