(شاہد ندیم) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے کورونا وائرس کی وجہ سے کسٹمر سروسز سینٹر کی بندش اور صارفین کے دفاتر میں داخلے پر پابندی میں سات روز کی توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے دفاتر میں صارفین کے داخلے پر عائد پابندی میں توسیع کر دی ہے، وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں چودہ اپریل تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے، کورونا وائرس کی وجہ سے کسٹمر سروسز سینٹرز بھی چودہ اپریل تک صارفین کے لئے بند رہیں گے، اس سے قبل حکومتی لاک ڈاون کی بنیاد پر سات اپریل تک بندش کا شیڈول جاری کیا گیا تھا.
سوئی ناردرن گیس کمپنی کے تمام دفاتر میں افسران و ملازمین کی تعداد کم کر دی گئی ہے، ڈیوٹی روسٹر کے مطابق صرف دفتری امور نمٹانے کے لئے افسران دفتر آتے ہیں جبکہ صارفین کو شکایات درج کروانے کے لئے ٹیلی فون نمبرز جاری کئے گئے ہیں.
گزشتہ دنوں سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گھریلو صارفین کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سےبڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، لاک ڈاؤن تک بلوں کی عدم ادائیگی پر کنکشن منقطع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے,دو سے تین ماہ تک بل جمع نہ کروانے اور اقساط میں جمع کروانے والوں کے بجلی کنکشن بھی منقطع نہیں ہونگے,اس حوالے سے تاحال باقاعدہ نوٹی فکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا.
واضح رہے کہ صارفین کی سہولت کے لئے ارجنٹ فیس پالیسی متعارف کروائی گئی تھی، ارجنٹ فیس پالیسی کے تحت گھریلو صارفین کو کنکشن کے لئے پچیس ہزار روپے اضافی ادا کرنا پڑے تھے,سوئی ناردرن گیس کمپنی نے صارفین کو کنکشن دینے پر پابندی عائد کی تھی, کمپنی کی جانب سے گھریلو صارفین کو ارجنٹ فیس پالیسی کے تحت کنکشن دینے پر پابندی لگائی گئی، پابندی کی وجہ سے لاہورریجن میں صارفین کی درخواستیں التواء کا شکار گئیں تھیں.