مانیٹرنگ ڈیسک: انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو اور دلوں کی دھڑکنیں تیز، ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا، یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہو گا۔
پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ آج روایتی حریف بھارت کے خلاف پالے کیلی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کینڈی میں کھیلے گا،پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سے قبل ایشیا کپ میں 15 بار ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں جہاں بھارت نے 8 جبکہ پاکستان نے 6 میچز میں کامیابی حاصل کی، یوں ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا فتوحات کے اعتبار سے پلڑا بھاری ہے۔
دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ ٹورنامنٹ کے میچز 30اگست اور 17ستمبر 2023 تک ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ کے طور پر پاکستان اور سری لنکا میں کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 17 ستمبر کو آر پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کولمبو میں کھیلا جائیگا۔
سری لنکن ٹیم دفاعی چیمپئن ہے۔ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کررہی ہیں جن میں پاکستان،دفاعی چیمپئن سری لنکا،بھارت، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال شامل ہیں، ان 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ بھارتی ٹیم کو سب سے زیادہ 7 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ سری لنکن ٹیم چھ مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔
ٹورنامنٹ کا سپر فور مرحلہ 6ستمبر سے شروع ہوکر 15 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔