ویب ڈیسک: گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر مرزا اشتیاق بیگ نے ان کے بھائی زوہیب حسن کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ زوہیب حسن نے نجی ٹی وی چینلز پر انٹرویو کے دوران مجھ پر جھوٹے الزامات لگائے اور توہین آمیز لہجے میں باتیں کر تے رہے۔مرزا اشتیاق بیگ نے کہا کہ نازیہ حسن لمبے عرصے تک کینسر میں مبتلا رہیں لیکن زوہیب حسن نے انٹرویو میں نازیہ حسن کی موت کو غیر فطری قرار دیا۔
دائر دعوے میں کہا گیا ہے کہ نازیہ حسن کے انتقال سے متعلق برطانوی حکام کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ موجود ہے لیکن اس کے باوجود زوہیب حسن ان کے خلاف توہین آمیز اور حقائق کے برعکس باتیں کر رہے ہیں لہٰذا زوہیب حسن کو ان کے خلاف بیان بازی سے روکا جائے۔مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے دائر درخواست میں زوہیب حسن سے اپنے بیان پر معافی مانگنے اور ایک ارب روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔