قائد نواز شریف کے لئے پوری قوم منتظر ہے، ن لیگ کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کا اجلاس

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد : مسلم لیگ (ن) کے لاہور کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ 

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پارٹی قائد نواشریف کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 21 اکتوبر کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک یادگار دن بنے گا، نواز شریف نے عوام کی خاطر قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں،  نواز شریف بہادری ، جرات اور ترقی کا نام ہے۔ 2018 سے 2022 کے دوران پاکستان ترقی کے عمل میں دہائیاں پیچھے چلا گیا۔ اتحاد، امن اور ترقی قومی ایجنڈا ہے جس پر نواز شریف کی قیادت میں عمل درآمد کریں گے۔ 

انہوں نے مزید کہاکہ لوڈشیڈنگ کی طرح معاشی بدحالی ختم کریں گے، 21 اکتوبر کو عوام اور پارٹی کارکن نواز شریف کا فقید المثال استقبال کریں گے، 21 اکتوبر کو عوام پاکستان کی ترقی، امید کا استقبال کریں گے۔ 

 شرکاء نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد نواز شریف کے لئے پوری قوم منتظر ہے۔سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے تقاریر کیں، کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کرکے دکھایا۔ ہمیشہ ملک کو مشکل ترین حالات سے نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) نے ہی نکالا۔ 

واضح رہے کہ اجلاس میں چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف، حمزہ شہباز شریف، اسحاق ڈار، پرویز رشید، رانا ثناء اللہ خان، علی پرویز ملک ،شائستہ پرویز ملک ،سعود مجید، ملک سیف الملوک کھوکھر،خواجہ عمران نذیر ،خواجہ احمد حسان ، ملک افصل کھوکھر ،مریم اورنگزیب ،چودھری باقر حسین،ملک احمد خان، وحید عالم خان ،ملک ریاض، سمیع اللہ خان، غزالی سلیم بٹ ،میاں مجتبی شجاع الرحمٰن، میاں سلیم ، ملک فیصل ایوب کھوکھر ، میاں مرغوب احمد ،رانا مشہود احمد خان ،مہر اشتیاق احمد ،بلال یاسین ،میاں عمران جاوید ،رانا مبشر اقبال ،سہیل شوکت بٹ، باؤ اختر علی، ملک غلام حبیب اعوان، رانااحسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے۔