نواز شریف کا استقبال؛ زیادہ حامیوں کو ساتھ لانےوالے کارکن کیلئے بڑا انعام

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کے استقبال کے لئے 21 اکتوبر کو زیادہ سے زیادہ حامیوں کو  لاہور لانے کے لئے میاں صاحب کے متوالے نے بڑے انعام کا اعلان کر دیا۔ 

 مسلم لیگ نون کی قیادت 21 اکتوبر کو پاکستان کی تاریخ کا یادگار دن بنانے کے لئے ہر سطح پر بھرپور تیاریاں کر رہی ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر میں کارکنوں کو موبلائز کرنے کے لئے پارٹی میٹنگیں ہو رہی ہیں اور کارکن عوام کو موبلائز کرنے کے لئے کارنر میٹنگیں اور جلسے کر رہے ہیں۔ ایسے ہی ایک جلسہ میں میاں نواز شریف کی محبت سے سرشار ایک متوالے لیڈرنے اعلان کر دیا ہے کہ جو کارکن سب سے زیادہ حامیوں کو لے کر میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے پہنچیں گے ان کو دو نئی ہونڈا 125 موٹر سائیکلیں انعام دی جائیں گی۔ نواز شریف کے استقبال کیلئے زیادہ سے زیادہ لوگ لے کر مینارِ پاکستان پہنچیں۔

اس اعلان کے بعد کارکنوں میں دوڑ لگ گئی ہے کہ کون  21 اکتوبر کو  زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پنڈال تک لانے میں کامیاب ہوگا۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں زیادہ لوگ لے کر آنے والےکارکن کو نئی ’ہونڈا 125‘ موٹر سائیکل انعام میں دینے کا اعلان کیا جارہا ہے۔

وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں صاف دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ اسٹیج سے خطاب میں کہاجاتا ہے کہ ’یہ بہت بڑا اعلان ہے، مجھے امید ہے کہ میری ٹیم ہی جیتے گی، آپ سب کو بتایا جارہا ہے کہ جو 21 اکتوبر کو نواز شریف کا استقبال کرنے کیلئے زیادہ بندے لے کر آئے گا اسے دو ’ہونڈا 125‘ انعام میں دیا جائے گا ، یہ این اے 135 ہے اس میں دو صوبائی حلقے آتے ہیں‘۔

 اسٹیج پر پیچھے میاں نواز شریف اور مریم نواز کی تصاویر بھی آویزاں ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روز پہلے 30 ستمبر کو ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا تھا کہ 21 اکتوبر کو میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے دس لاکھ لوگ آئیں گے۔ اور سپیشل بریانی ملے گی۔ ان کا یہ بیان بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا تھا۔

مسلم لیگ نون کی مخالف سیاسی جماعتوں کے کارکن ان اعلانات کو بنیاد بنا کر دعویٰ کر رہے ہیں کہ مسلم لیگ نون لالچ دے ک لوگوں کو میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

 مسلم لیگ نون کے کارکنوں اور حامیوں کی جانب سے کہا جا ہا ہے کہ سیاسی اجتماعات میں آنے والے مہمانوں کی کھانے اور مشروبات وغیرہ سے تواضع کرنا ہمارا کلچر ہے جبکہ موٹر سائیکلوں کے انعامات کا اعلان مقامی رہنما کی جانب سے میاں نواز شریف سے محبت کا اظہار اور اپنے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا ایک جائز طریقہ ہے۔ مسلم لیگی کارکنوں کا کہنا ہے کہ تنقید کرنے والی پارٹی کے لیڈرماضی میں لاہور شہر میں انتخابی مہم کے دوران ووٹوں کے بدلے موٹر سائیکلیں بانٹتا رہا جس کی الیکشن کمیشن میں شکایات بھی گئی تھیں۔