علی ساہی: تھانوں اور سی آئی اےمیں تعینات کرپٹ اور بری شہرت کے حامل افسران مشکل میں پڑگئے۔ 2 بڑی سزائیں پانےوالےاور بری شہرت کے حامل 5 سال مسلسل ایک ہی تھانے میں تعیناتی والے افسران کو کل تک ڈیوٹیوں سے ہٹا کر رپورٹ آئی جی کو بجھوانے کاحکم دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانوں اور سی آئی اے میں تعینات کرپٹ افسروں کی شامت آگئی ہے۔ نئے آئی جی پنجاب راؤ سردار نے 2 مرتبہ بڑی سزاؤں، بری شہرت کےحامل 5 سال ایک تھانے میں مسلسل تعینات رہنے والےجبکہ 3 دفعہ ایک ہی تھانےمیں تعینات ہونے والے افسران کو بھی ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نےمستقل ناکہ بندی فوری ختم کرنےکی ہدایت کی ہے اور صرف صوبائی حدبندی پرناکے لگائے جائیں گے۔
ضرورت کے وقت عارضی ناکہ بندی سب انسپکٹر کی سربراہی میں کی جائے گی جبکہ ڈی پی اوز کیمروں سےعارضی ناکوں کی مانیٹرنگ کریں گے، سپیشل انیشیٹیو پولیس سٹیشن کو جاری فنڈز ڈی پی اوز کی نگرانی میں استعمال ہونگے تاکہ تھانوں کا ماحول بہتر بنایا جاسکے۔ کرپٹ افسروں کو ہٹانے کے معاملات اور تفصیلات ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ کےضلع سے کل تک آنے والی رپورٹس لینے کے بعد 5 اکتوبرکو آئی جی پنجاب کو پیش کریں گے۔
ناکہ بندی کےمعاملات ایڈیشنل آئی جی آپریشنز دیکھیں گے جبکہ فنڈز کو استعمال کرنےکےمعاملات ایڈیشنل آئی جی آئی اےبی کےسپرد کردئے گئے ہیں اور تینوں افسران ہر ماہ اپنی اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ آئی جی پنجاب نےتھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے آپریشنل گائیڈ لائنز جاری کردیں ہیں اور ٹائم لائن کے مطابق عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔