( قذافی بٹ ) حکومت پنجاب نے آئین اور قانون کے دائرے میں مسلم لیگ (ن) کو احتجاجی سرگرمیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کو دھرنے، جلسے اور تقاریر کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، تاہم اپوزیشن جماعتوں کو فوج اور ملکی مفاد کے خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو کسی بھی جلسے اور مظاہرے کے لئے قانونی راستہ اختیار کرنا ہوگا، تاہم اگر مسلم لیگ ن نےقانونی حدود سے تجاوز کیا تو پھر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
جلسے جلوسوں میں قانونی شکنی پر مبنی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو قانون توڑنے پر مقدمات اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی اپنے وزراء اور اراکین اسمبلی کو عوامی رابطہ بڑھانے اور حلقوں میں متحرک ہونے کی ہدایت کر دی۔ صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے انتخابی حلقوں میں متحرک ہو جائے اور عوامی رابطہ کرتےہوئے عوام کو حکومت کی دو سالہ کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے آگاہ کرے جبکہ اپوزیشن کے لانگ مارچ کی صورت میں یہ بھی کوشش کی جائے کہ عوام اپوزیشن کے ساتھ باہر نہ نکلے۔