سٹی 42: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان ہمیشہ سے ہی سر خیوں کی زینت رہی ہیں جس کی خاص وجہ ان کی سانولی رنگت ہے ۔الیکٹرانک میڈیا پرکنگ خان کی صاحب زادی کو ہمیشہ عزت و اہمیت دی جاتی ہے لیکن جب بات آئے سو شل میڈیا کی تو وہاں کنگ خان کی بادشاہت بھی ڈھیر ہو جاتی ہے ۔ حال ہی میں بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی صاحبزادی سہانا خان نے اپنا انسٹاگرام پبلک کیا تھا جس کے بعد ان کا اکاونٹ چند دنوں میں ہی 700 فالوورز سے 10 لاکھ فالوورز سمیٹ چکا تھا اوران پر تنقید کچھ زیادہ ہونے لگ پڑی تھی۔ یوں تو شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی اکثر خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر نظر آتی ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ بچپن میں اکثر ان سے کہا گیا کہ وہ بدصورت ہیں کیونکہ ان کی رنگت سانولی ہے۔
حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنی رنگت پر تنقید ہونے کہ بعد آخر سہانا خان نے سکوت توڑ دیااورانسٹا گرام پر اپنی پوسٹ میں سانولی رنگت کے بارے میں بات کرتے ہوئے سہانا نے لکھا کہ ’یہ ایک اہم مسئلہ ہے جس پر بات ہونی چاہئے کیونکہ بے شمار نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اس کے سبب احساسِ کمتری کا شکار رہتے ہیں۔‘
سہانا کا کہنا تھا کہ ان کی رنگت پر بچے نہیں بلکہ بالغ لوگ تبصرہ کیا کرتے تھے اور 12 سال کی عمر تک انھیں اس طرح کی باتیں برداشت کرنی پڑیں۔سہانا نے لکھا 'یہ صرف میرے بارے میں نہیں ہے، یہ ہر نوجوان لڑکی/ لڑکے کے بارے میں ہے جو بغیر کسی وجہ کے احساس کمتری کے ساتھ بڑے ہوتے ہیں۔
انھوں نے مزید لکھا کہ ’یہ افسوس کی بات ہے کہ اگر سوشل میڈیا، شادی بیاہ کرانے والے یا پھر آپ کے اپنے گھر والے ہی آپ کو یقین دلوا دیں اگرآپ کا قد لمبا نہیں اور آپ گورے نہیں تو آپ خوبصورت نہیں ہیں۔‘
اس پوسٹ کو انسٹاگرام پر بالی وڈ کے جانے پہچانے ناموں اور صارفین کی جانب سے بہت پزیرا ئی ملی جس پر سہانا خان نے خوب داد سمیٹی ۔