شہزاد خان: شہر کی تاریخی مارکیٹوں میں غلط پارکنگ اور تجاوزات مافیا کا راج، اردو بازار، سرکلر روڈ اور شاہ عالم مارکیٹ کی تاجر برادری بھی تجاوزات اور غلط پارکنگ کے خلاف آپریشن کی منتظر ہے، پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے بغیر پارکنگ مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کی تاریخی مارکیٹ شاہ عالم، اردو بازار اور سرکلر روڈ کے اطراف میں تجاوزات مافیا نے تہہ درتہہ تجاوزات قائم کررکھی ہیں۔ سرکلر روڈ پلاسٹک دانہ مارکیٹ، میڈیسن مارکیٹ لوہاری، موری گیٹ، موچی گیٹ سمیت دیگر مارکیٹوں میں تجاوزات مافیا کا مکمل راج ہے، جس پرتاجروں نے حکومت سے تمام مارکیٹوں میں تجاوزات مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔
تجاوزات کے علاوہ دوسرا سب سے اہم مسلہ غلط پارکنگ کا ہے شاہ عالم مارکیٹ، سرکلر روڈ پر قائم مارکیٹوں میں غلط پارکنگ کی حالت انتہائی سنگین ہے، صدر شاہ عالم مارکیٹ خواجہ عامر اور صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز کہنا تھا کہ جب تک پارکنگ پلازے تعمیر نہیں کیے جاتے تب تک غلط پارکنگ کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔
تاجر برادری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پارکنگ پلازوں کی تعمیرکے لیے فوری اقدامات کرے، تاجر رہنما حکومت کی مالی معاونت کے لئے بھی تیار ہیں۔